صارفین کے لیے قرعہ اندازی اسکیم ، 150 طغروں کی فروخت پر مفت عمرہ پیاکیج
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں ہمیشہ سے ہی اہل علم و دانش اور فنانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ ان کی صلاحیتوں کا معاشرہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہتر انداز میں استعمال کیا گیا ۔ اس شہر میں فن خطاطی اور اس کے ماہرین کی بھی غیر معمولی پذیرائی کی جاتی ہے ۔ چنانچہ ہمیں صدیوں قدیم قطب شاہی مساجد سے لے کر شہر اور اس کے اطراف و اکناف حالیہ عرصہ کے دوران تعمیر کردہ مساجد میں فن خطاطی کے دلوں کو چھولینے والے نمونے دیکھنے کو ملتے ہیں ۔ ادارہ سیاست نے بھی نہ صرف حیدرآباد بلکہ سارے ملک میں فن خطاطی کے احیاء کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ چنانچہ سیاست کے زیر اہتمام تیار کردہ فن خطاطی کے نمونوں کی ہندوستان بھر میں نمائشوں کا اہتمام ہوتا رہتا ہے ۔ اس مرتبہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ایسے فن کی سرپرستی کررہے ہیں جس کے ذریعہ رات کی تاریکی میں روشنی پھیلائی جاتی ہے ۔ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ممتاز دستکار محمد علی الدین امتیاز نے ایسے طغرے تیار کئے ہیں جو تاریکی میں روشنی پھیلاتے ہیں ۔ انہوں نے ریز کریشنس کے ذریعہ ایک نئی ٹکنالوجی اپناتے ہوئے آیات قرآنی و احادیث مبارکہ کے عکس کو مخصوص ریڈیم پر منتقل کرتے ہوئے ایسے طغرے تیار کئے جو تاریکی میں چمکتے رہتے ہیں یہ طغرے جہاں گھر و تجارتی اداروں کے لیے باعث برکت ہے وہیں ان سے پھیلنے والی روشنی سے قلوب و ذہنوں کو ایک عجیب سکون حاصل ہوتا ہے ۔ بہر حال سیاست کے تعاون سے ریزکریشن سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں ان طغروں کی نمائش / سیل ( فروخت ) کا اہتمام کررہا ہے ۔ نمائش کا افتتاح 11 اپریل کو شام 4 بجے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں انجام پائے گا ۔ نمائش میں 150 طغروں کی فروخت پر قرعہ اندازی ہوگی جس کے ذریعہ ایک خوش نصیب کو مفت عمرہ پیاکیج دیا جائے گا ۔ یہ نمائش 11 اپریل سے 18 اپریل منعقد ہوگی ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9177841323 پر ربط کریں ۔