تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی درستگی کے لیے ہنگامی منصوبہ

آصف جاہی خاندان کے مقبرہ کی بھی مرمت ، سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل کی متعلقہ عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے تاریخی مکہ مسجداور آصف جاہی خاندان کے مقبرہ کی چھت کی درستگی کے سلسلہ میں ہنگامی منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے متعلقہ عہدیداروں سے مکہ مسجد اور مقبرہ کی چھت میں پانی اترنے کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے علاوہ ممتاز آرکیٹکٹ شرد چندرا سے تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں جلد رپورٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقبرہ کی چھت کی درستگی کے سلسلہ میں نظام ٹرسٹ سے این او سی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ مقبرہ اور مسجد کے احاطہ میں موجود مدرسۃ الحفاظ کی عمارت نظام ٹرسٹ کے تحت ہے اور محکمہ اقلیتی بہبود اپنے طور پر کسی اقدام سے قاصر ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے نظام ٹرسٹ کے عہدیداروں کو کل کے واقعہ سے واقف کرایا جس میں مقبرہ کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ اگر نظام ٹرسٹ این او سی جاری کرے تو حکومت اپنے خرچ پر مسجد کے ساتھ ساتھ مقبرہ اور مدرسہ کی مرمت کا کام انجام دے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق مسجد سے متعلق تمام اہم کاموں کی تکمیل کیلئے 10 کروڑ سے زائد پر مشتمل پراجکٹ رپورٹ تیار کی جارہی ہے اور حکومت کی منظوری کے بعد فوری مرمت کے کام کا آغاز ہوگا۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران بارش کے سبب مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں چھت سے پانی اترنے کی شکایات ملی جس کے بعد متاثرہ حصہ کو حکام نے بند کردیا تاکہ مزید کسی نقصان سے بچا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ شدید بارش کے بعد پانی اترنے کی رفتار تیز ہوچکی ہے اور انجنیئرس نے اوپری حصہ میں واٹر پروف شیٹ بچھانے کا مشورہ دیا۔ اس کیلئے پانچ لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ گزشتہ ایک سال سے مسجد کی چھت متاثر ہونے کے بارے میں محکمہ اقلیتی بہبود کو بارہا توجہ دلائی گئی لیکن عہدیداروں نے فوری کارروائی کے بجائے پراجکٹ رپورٹ کی تیاری پر توجہ دی۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے جلال الدین اکبر نے مسجد کی چھت کی مرمت پر خصوصی توجہ مرکوز کی تھی اور ماہرین کے ساتھ سروے کے بعد ایک کروڑ 70 لاکھ روپئے کا پراجکٹ تیار کیا گیا لیکن ان کے تبادلہ کے بعد عہدیداروں نے اس پراجکٹ پر عمل کرنے کے بجائے نئے پلان کی تیاری شروع کی۔ اس طرح مسجد کی چھت کو بچانے کا کام دیڑھ سال سے نظرانداز ہوچکا ہے ۔ مصلیوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو پانی چھت کے دوسرے حصوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے امید ظاہر کی کہ نظام ٹرسٹ کے عہدیدار مقبرہ اور مدرسہ کی مرمت کے لئے این او سی جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود مکہ مسجد کے مدرسۃ الحفاظ کے احیاء کے حق میں ہے تاکہ سلاطین آصفیہ کا قائم کردہ مدرسہ برقرار رہے۔