تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں جشن آزادی کے انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہونے والی تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ 19 اگست کو جامع گھر گھر سروے کے سلسلہ میں انتظامات کیلئے بھی وزراء اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے کہا کہ جامع سروے کو موثر انداز میں مکمل کرنے کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اس دن عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام اپنے گھر پر موجود رہیں اور عہدیداروں سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مختلف سرکاری اسکیمات سے فوائد کا انحصار اس جامع سروے کی بنیاد پر رہے گا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سروے میں شامل ملازمین کو سروے کے کاموں کے سلسلہ میں بہتر ٹریننگ دیں اور کسی طرح کی بے قاعدگی کا موقع نہ دیں۔

عہدیداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ سروے کے دوران درست اطلاعات درج کریں تاکہ حکومت کو عوام کی معاشی اور تعلیمی صورتحال کا حقیقی طور پر علم ہوسکیں۔ اسی کو بنیاد بناکر حکومت عوام کیلئے مختلف اسکیمات کا تعین کرے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر حیدرآباد اور سائبر آباد کے پولیس کمشنرس نے چیف منسٹر کو قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب اور پریڈ کے انتظامات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ تقاریب میں شرکت کرنے والی اہم شخصیتوں اور عوام کیلئے علحدہ علحدہ مقامات کا تعین کیا گیا ہے۔ پولیس اس بات کی کوشش کرے گی کہ علاقہ میں موجود عوام کو تقاریب کے سبب کوئی تکلیف نہ ہو۔ کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار نے جامع سروے کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کی گئی تیاریوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ عہدیدار اور سروے میں شامل ملازمین 17 اور 18 اگست کو گھر گھر پہنچ کر سروے سے متعلق فارمٹ حوالہ کریں گے جس میں ان دستاویزات کا ذکر ہوگا جنہیں 19 اگست کو ملازمین کو پیش کرنا ہے۔ اس اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، وزیر ایکسائز پدما راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اسی دوران حکومت نے گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کے سلسلہ میں 45 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ پرنسپل سکریٹری اجئے مشرا نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ یہ رقم ڈائرکٹر محکمہ پروٹوکول کو جاری کی گئی ہے تاکہ قلعہ گولکنڈہ کے یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کی تکمیل کرے۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ گولکنڈہ کے رانی محل کے قریب قومی پرچم لہرائیں گے۔ جی او میں ہدایت دی گئی ہے کہ اخراجات سے متعلق بلز اندرون تین ماہ داخل کئے جائیں۔

حکومت کے خلاف تلگودیشم قائدین کی گورنر کو یادداشت
حیدرآباد۔13 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کے بعض فیصلوں کے خلاف تلنگانہ تلگودیشم پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان قانون ساز کونسل اور اسمبلی کے ایک وفد نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی اور انہیں اس سلسلہ میں فی الفور مداخلت کرنے کی درخواست کی۔