آگرہ ۔ 10 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے سات عجائب میں شامل آگرہ کے تاج محل میں واقع اصل مقبرہ کو دیکھنے کے خواہشمند سیاحوں کو پیر سے اضافہ 200 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ آگرہ میں ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ کے چیف آرکیالوجسٹ وسنت سورناکر نے کہاکہ 17 ویں صدی کی اس مغل یادگار میں اصل مقبرہ کو دیکھنے کیلئے ہندوستانی سیاحوں کو 250 روپئے اور بیرونی سیاحوں کو فی کس 1,300 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ سارک ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو 540 روپئے کے بجائے اب 740 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ جدید تکنیکی نظام سے اصل عمارت میں انسانی ہجوم کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ 50 روپئے کے ٹکٹ خریدنے والے سیاحوں کو اصل مقبرہ میں داخلے کی اجازت نہیں رہے گی بلکہ وہ صرف تاج محل کے اطراف گھومتے ہوئے صحن اور دریائے جمنا کے کنارے واقع عقبی حصہ کی سیر کرسکتے ہیں۔ تاج محل کو مغلیہ فن تعمیر کے چند انتہائی بہترین نمونوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ 1983 ء میں اقوام متحدہ کے تعلیمی ، سماجی و ثقافتی ادارہ یونیسکو نے اس کو عالمی ورثہ کا مقام قرار دیا تھا ۔