نئی دہلی ، 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تاج محل کا سفید سنگ مرمر سے بنا ڈھانچہ اپنا رنگ کھونے لگا ہے، جس کے سدباب کیلئے ایک قسم کے کیچڑ کو استعمال کرتے ہوئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت نے آج راجیہ سبھا کو یہ بات بتائی جبکہ اراکین نے اس مشہور عالمی یادگار کی دیکھ بھال کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔ وزیر ثقافت مہیش شرما نے کہا کہ 17 ویں صدی کے ڈھانچہ پر حشرات الارض کے اثر کو گھٹانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران ارکان نے تاج محل کی دیکھ بھال کے بارے میں تشویش ظاہر کی اور سنگ مرمر سے بنی عمارت کے رنگ میں بدلاؤ اور کیڑے مکوڑوں کے باعث نقصان کا ذکر کیا۔ شرما نے کہا کہ اس یادگار کا رنگ محفوظ رکھنے کیلئے ایک قسم کی ’’مَڈ تھراپی‘‘ کرائی جارہی ہے جس میں ملتانی مٹی لگانا شامل ہے۔