نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ براک اوباما اور خاتون اول میشل اوباما اِس بار تاج محل کا نظارہ نہیں کرسکے۔ تاہم خاتون اول امریکہ نے کہاکہ وہ دوبارہ ہندوستان آئیں گی تاکہ ’’محبت کی یادگار‘‘ کا مشاہدہ کرسکیں۔ اُن سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا تاج محل دیکھنے سے محرومی پر اُنھیں افسوس ہوا ہے، اُنھوں نے کہاکہ وہ تاج محل دیکھنے دوبارہ ہندوستان آئیں گی۔
بجٹ کے بعد ہند ۔ امریکہ عہدیداروں کا اجلاس
نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ کے سینئر عہدیداروں کا بجٹ اجلاس کے بعد ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 40 منٹ کے اِس اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی سیتارامن اور امریکہ کی نمائندگی وزیر تجارت پینی پرٹزکر کریں گی۔ نیوکلیر معاہدہ ، انٹلکچیول پراپرٹی حقوق موضوعات گفتگو ہوں گے۔ پالیسی مسودہ پر نرملا سیتارامن نے امریکی تبصرہ طلب کیا ہے جس کو دانشوروں کی 6 رکنی کمیٹی تیار کرے گی۔