تاج محل جمعہ کو کھلا رہے گا ‘ 5000 روپئے ٹکٹ

آگرہ ۔ /23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تاج محل اب جمعہ کو عوام کیلئے کھلا رہے گا لیکن انہیں 5000 روپئے ٹکٹ خریدنا ہوگا ۔ بیرونی سیاحوں کو 100 ڈالرس کا ٹکٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا ۔ ڈیویژنل کمشنر آگرہ پردیپ بھٹناگر کی زیرصدارت ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر جمعہ کو صبح 7 بجے تا 12 بجے تاج محل دیکھنے کی اجازت رہے گی۔ اس سے پہلے ہر جمعہ کو عوام کیلئے تاج محل بند رکھا جاتا تھا ۔

شنکر آچاریہ نے صحافی کو طمانچہ مارا
جبلپور ۔ /23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دوارکا کے شنکر آچاریہ سروپ آنند سرسوتی اس وقت تنازعہ کا شکار ہوگئے جب انہوں نے مبینہ طور پر ایک ٹیلیویژن رپورٹر کو نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے امکانات کے بارے میں پوچھے جانے پر طمانچہ رسید کردیا ۔ یہ واقعہ منگل کو اس وقت پیش آیا جب وہ ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے ٹی وی رپورٹر کو یہ کہتے ہوئے طمانچہ رسید کردیا کہ ’’سیاست کی بات نہیں کرنا‘‘ ۔