تاجرین اور مصروف افراد کے لیے خصوصی عبادتوں کا انتظام

اوقات کار میں تبدیلی ، مساجد اور دیگر مقامات پر نمازیں و تراویح کا اہتمام
حیدرآباد۔21مئی (سیا ست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر تاجرین اور مصروف افراد کی مصرفیت کو دیکھتے ہوئے ایک سے زائد نمازوں کا اہتمام کیا جا رہاہے اور فرض نمازوں کے سلسلہ میں بھی قریبی مساجد یا مسجد کی زیریں یا بالائی منزلوں پر اوقات کار تبدیل کرتے ہوئے مصلیوں کو سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایاجانے لگا ہے جس کے سبب شہریوں کو بحالت روزہ نماز کے اہتمام میں کافی سہولت ہونے لگی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کال سنٹر میں خدمات انجام دینے والوں کیلئے اور تجارتی برادری کیلئے مختلف اوقات میں نماز تراویح کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے اور اس اہتمام کے مثبت نتائج کے سبب اب شہر کے کئی مقامات پر تاجرین کی سہولت کیلئے رات دیر گئے یا 10 بجے کے بعد صلواۃ التراویح کا اہتمام کیا جانے لگا ہے اور اب مساجد کی کمیٹیوں کی جانب سے مسجدوں میں بالائی منزل یا نچلی منزل پر علحدہ جماعت بنائی جانے لگی ہے کیونکہ اب تک یہ دیکھا جاتا رہا ہے کہ اگر کوئی دو یا چار افراد جمع ہوجاتے تو وہ جماعت بنا لیا کرتے تھے لیکن اب مساجد کی کمیٹیوں کی جانب سے امام کے تقرر کے ذریعہ یہ خصوصی اہتمام کیا جانے لگا ہے ۔ رمضان المبارک کے دوران محلہ جات اور مصروف بازاروں میں موجود مساجد میں علحدہ علحدہ اوقات میں نمازوں کا اہتمام کیا جانے لگا ہے اور مساجد کے ذمہ داروں کی جانب سے مصلیوں کو سہولت پہنچانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ جگدیش مارکٹ‘ نامپلی‘ سکندرآباد ‘ حافظ بابا نگر‘ عابڈز ‘ صنعت نگر کے علاوہ مادھا پور ‘ ہائی ٹیک سٹی اور بنجارہ ہلز کے کئی مقامات پر مسلم نوجوانوں کی سہولت کیلئے اس طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں اور ان انتظامات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہی ہوتا جا رہاہے اور لوگ جوق در جوق ان سہولتوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ شہر کے کئی مقامات بالخصوص مساجد کے علاوہ شادی خانو ں اور اسکولوں میں تراویح کا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے اور اس سہولت سے استفادہ کرنے والوں میں تاخیر سے نماز تراویح ادا کرنے والوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جو گھروں کے قریب موجود خواتین کیلئے تراویح کے خصوصی انتظام سے استفادہ کر رہی ہیں ۔ ملازمین بالخصوص کال سنٹر میں خدمات انجام دینے والوں کے لئے بھی رات میں تاخیر سے نماز تراویح کے انتظامات کو ممکن بنایا جانے لگا ہے اور ان مقامات پر ہائی ٹیک سٹی میں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد نماز تراویح ادا کر رہی ہے۔