بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگاراسکیم ، آخری تاریخ 10 فروری مقرر

حیدرآباد۔/6فبروری، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے بیروزگار اقلیتی امیدواروں کیلئے خود روزگار اسکیم کے تحت بینک کے قرض سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 10فبروری مقرر کی گئی ہے۔ اس طرح اقلیتی امیدواروں کو اس اسکیم سے استفادہ کیلئے صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے 31جنوری کی تاریخ میں توسیع کے سلسلہ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کو مکتوب روانہ کیا تھا جس کے جواب میں محکمہ بہبودی پسماندہ طبقات سے مکتوب وصول ہوا ہے جس میں درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 10فبروری مقرر کرنے کی اطلاع دی گئی۔ اسی دوران اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے آج اچانک حج ہاوز پہنچ کر مختلف اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے حج ہاوز میں صحت و صفائی کے انتظامات کے علاوہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام چاروں لفٹس کی کارکردگی کو یقینی بنائیں اور تکنیکی خرابی کے باعث رُکی ہوئی لفٹ کی فوری درستگی عمل میں لائی جائے۔ عوام نے ان سے شکایت کی کہ لفٹ بند ہونے کے باعث کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خاص طور پر حج درخواستوں کے ادخال کے آغاز اور خود روزگار اسکیم کیلئے درخواستیں داخل کرنے والوں کو اوپری منزلوں تک جانے کیلئے سیڑھیوں کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔

ضعیف افراد و خواتین کو دشواریوں کی شکایت پر سید عمر جلیل نے لفٹ کی فوری درستگی اور عمارت میں صفائی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے وقف بورڈ پہنچ کر مختلف اُمور کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ سید عمر جلیل نے وقف بورڈ میں بعض فائیلوں کا بھی معائنہ کیا اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے شروع کئے گئے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حج 2014 کی درخواستوں کی اجرائی اور وصولی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ وہاں موجود افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی۔ سید عمر جلیل نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دفتر پہنچ کر اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا خاص طور پر خود روزگار اسکیم کے سلسلہ میں درخواستوں کی وصولی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں دونوں اداروں کی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ عمر جلیل کو بتایا گیا کہ اب تک خودروزگار اسکیم کے سلسلہ میں 10ہزار سے زاید درخواستیں وصول ہوچکی ہیں اور حیدرآباد کی تقریباً 2ہزار درخواستیں آن لائن کیا جانا باقی ہے۔ اس اسکیم کے سلسلہ میں کارپوریشن نے 53% نشانہ کی تکمیل کرلی ہے۔ جملہ 26ہزار 620استفادہ کنندگان کو سبسیڈی فراہم کرنا کارپوریشن کا نشانہ ہے جس میں سابقہ اسکیم کے تحت 4178 امیدواروں میں 11کروڑ 13لاکھ روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے گئے۔ پرانی اسکیم کے تقریباً8 ہزار درخواست گذار نئی اسکیم کیلئے بھی اہل قراردیئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ قرض کی اجرائی کے سلسلہ میں بینکرس سے بات چیت کی جائے گی۔ درخواست گذاروں نے بتایا کہ ایم آر او دفاتر سے انکم سرٹیفکیٹس کی اجرائی میں تاخیر کے سبب درخواستوں کے ادخال میں تاخیر ہورہی ہے۔ سید عمر جلیل نے بتایاکہ محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے حکومت نے 22ڈپٹی کلکٹرس کی خدمات تفویض کی ہیں جن میں سے 13 نے محکمہ کو رپورٹ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر عہدیداروں کا ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کی حیثیت سے تقرر کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ وقف بورڈ اقلیتی بہبود کمشنریٹ اور فینانس کارپوریشن کو بھی ایک، ایک ڈپٹی کلکٹر کی خدمات تفویض کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ کل شام تک پوسٹنگ کے احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔