تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، پروفیسر کودنڈا رام کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جاریہ ماہ کے دوران شہر حیدرآباد میں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کا ایک جلسہ عام منعقد کرنے کے علاوہ اوپن کاسٹ مائینس، دھرنا چوک کی منتقلی کے خلاف بہت جلد حیدرآباد میں کل جماعتی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ آج یہاں نامپلی میں واقع ایکشن کمیٹی کے آفس میں منعقدہ تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں غور و خوص کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر صدرنشین جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے اجلاس کے فیصلوں کا انکشاف کیا اور بتایا کہ 10 اپریل کو سنگارینی میں وراثتی ملازمتوں کے مسئلہ پر منچریال میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہاکہ ریاست میں مرچ اور تور دال کے علاوہ دیگر کاشتوں کو نفع بخش قیمتیں حاصل نہیں ہورہی ہیں جس کے باعث کاشتکار کافی پریشان کن حالات سے دوچار ہیں لہذا کاشتکاروں کو ان کی کاشت کے لئے نفع بخش قیمتوں کی فراہمی کے لئے حکومت سے خریدی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ آج کے اجلاس میں ٹی جے اے سی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی غور و خوض کرکے بعض اہم فیصلے کئے گئے اور تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو نچلی سطح سے یعنی دیہی علاقوں تا ریاستی سطح پر مضبوط و مستحکم بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے لئے علیحدہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نچلی سطح سے بڑے پیمانے پر رکنیت سازی کا آغاز کرے گی اور رکنیت حاصل کرنے والے افراد کو علیحدہ علیحدہ مقامات پر انھیں مکمل معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے معلوماتی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی اندرا پارک پر واقع دھرنا چوک کی دیگر مقام پر منتقلی کی بہرصورت سخت مخالفت کرے گی بلکہ دھرنا چوک منتقل کرنے حکومت کے کسی بھی اقدام کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد منظم کرکے حکومت کو بہرصورت اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔