کونسلنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ، 2645 نشستیں مخلوعہ
حیدرآباد۔ 14ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ ایڈ ۔سیٹ ۔2016میں کامیاب امیدواروں کو بی۔ایڈ نشستوں کی تخصیص بذریعہ ویب کونسلنگ عمل میں لائی گئی۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے پہلے مرحلہ کی ویب کونسلنگ میں 184کالجس کی جملہ 12532نشستوں کیلئے کونسلنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جن میں 9887امیدواروں کو نشستیں الاٹ کر دی گئی ہیں۔ کنوینر ایڈ۔سیٹ کے بموجب جملہ 21ہزار 937امیدواروں نے ویب کونسلنگ میں حصہ لیا۔ امیدواروں کو نشستوں کی حوالگی کی تفصیلات وائس چانسلر جامعہ عثمانیہ پروفیسر ایس رامچندرم نے جاری کر دی ہیں اور بتایا کہ امیدوار یہ تفصیلات ویب سائٹ پر مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب ریاست میں کنوینر کوٹہ کے تحت 12ہزار532 نشستیں موجود ہیں جن میں 9887الاٹ کردی گئی ہیں مابقی مخلوعہ 2645نشستوں کیلئے کونسلنگ دوسرے مرحلہ میں کی جائے گی۔ کنوینر نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ الاٹ کردہ کالج میں 22ستمبر سے قبل اپنے اسنادات کے ساتھ رپورٹ کریں کیونکہ 22ستمبر سے ہی کلاسس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے ریاست میں موجود نشستوں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ میاتھس میں جملہ 3133نشستیں ہیں جن میں 2398نشستوں پر داخلہ فراہم کئے جا چکے ہیں اور 735نشستیں مخلوعہ ہیں۔ فزیکل سائنس میں موجود 1253نشستوں میں970داخلے دیئے گئے ہیں جبکہ 283نشستیں مخلوعہ ہیں۔ بائیلوجیکل سائنس میں 2506نشستوں میں 2227پر ویب کونسلنگ کے پہلے مرحلہ میں داخلے دیئے جا چکے ہیں جبکہ 279نشستیں مخلوعہ ہیں۔ سوشل اسٹڈیز میں 4386نشستوں میں 4020نشستوں پر داخلے فراہم کئے گئے ہیں اور 367نشستیں مخلوعہ ہیں۔ انگریزی میں 1253نشستیں ہیں جن میں 272پر داخلہ دیا گیا ہے اور 981نشستیں مخلوعہ ہیں۔ کنوینر کے بموجب جملہ 44ہزار 485طلبہ نے ٹی ایس ایڈ ۔سیٹ 2016کیلئے رجسٹرڈ کیا تھا جن میں 40ہزار 826اہل قرار پائے۔ انہوں نے بتایا کہ کنوینر اور منیجمنٹ کی جملہ نشتوں کو یکجا کیا جائے تو نشستوں کی تعداد 15ہزار 500ہوتی ہے۔