حیدرآباد۔/26نومبر، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد اور کرنول کے یونانی میڈیکل کالجوں نظامیہ یونانی طبی کالج اور عبدالحق یونانی طبی کالج کرنول میں بی یو ایم ایس کورسیس کی مخلوعہ نشستوں کے علاوہ گزشتہ دنوں منظورہ العارف یونانی میڈیکل کالج حیدرآباد ( خانگی کالج ) میں داخلوں کیلئے دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ 27نومبر کو صبح 9بجے سے شروع ہوگی۔ این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی وجئے واڑہ میں منعقد ہونے والی دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ کیلئے بمسیٹ 2014 کے اہل امیدوار آج شب روز نامہ ’سیاست‘ کے ذریعہ انتظام کی گئی بسوں کے ذریعہ وجئے واڑہ کیلئے اپنے والدین و سرپرستوں کے ہمراہ روانہ ہوئے ۔ مسٹر محمد شہاب الدین ہاشمی بیورو چیف روز نامہ سیاست نے جھنڈی دکھاکر دو خصوصی بسوں کو وجئے واڑہ کیلئے روانہ کیا ۔ مسٹر سید خالد محی الدین اسد امیدواروں کو وجئے واڑہ لے جانے کے ذمہ دار ہیں۔ ان گاڑیوں کے ہمراہ مسرس محمد جاوید علی، محمد بشیر الدین، محمد ذیشان، سید رضوان اور فہیم الدین انصاری اسٹاف ارکان روز نامہ سیاست بھی روانہ ہوئے۔