بی سی اقامتی اسکولوں میں 628 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری

حیدرآباد ۔ 2 ۔اپریل (سیاست نیوز) حکومت نے پسماندہ طبقات کے اقامتی اسکولوں میں 628 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی ہے۔ سکریٹری محکمہ فینانس نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات عمل میں آئیں گے۔ محکمہ بہبودیٔ پسماندہ طبقات نے حکومت سے سفارش کی تھی کہ مہاتما جیوتی بھا پھولے، بی سی ویلفیر اقامتی اسکول سوسائٹی میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں ۔ تجویز کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے 628 جائیدادوں پر پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کی اجازت دے دی ہے۔ ان جائیدادوں میں پوسٹ گریجویٹ ٹیچر کی 543 ، فزیکل ڈائرکٹر (اسکولس) 60 ء فزیکل ایجوکیشن ٹیچر اسکول 3 ، فزیکل ڈائرکٹر ڈگری کالج ایک ، لائبریرین ڈگری کالج ایک ، اسسٹنٹ لائبریرین ڈگری کالج 1 اور جونیئر اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ کی 19 جائیدادیں شامل ہیں۔ سکریٹری تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ تفصیلات حاصل کرتے ہوئے صدارتی حکمنامہ کے مطابق روسٹرس سسٹم کے تحت تقررات عمل میں لائیں۔ بی سی ویلفیر اقامتی اسکول سوسائٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیل پبلک سرویس کمیشن کے حوالے کرے تاکہ تقررات کا اعلامیہ جاری کیا جاسکے۔