بی جے پی کے پاس دستور اور قانون کی کوئی اہمیت نہیں

حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : بلی تھیلے سے باہر آگئی اور بھیانک بدنما ، چہرے پر پڑی ہوئی نقاب اتر گئی ۔ بی جے پی کے منشور پر جناب عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے اس ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ انتخابی منشور میں بابری مسجد کی جگہ پر رام جنم بھومی مندر تعمیر کرنے کی کوشش کو شامل کرنے سے یہ صاف واضح ہے کہ بی جے پی کے پاس دستور اور قانون کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور یہ ہندوتوا پارٹی ہے برہمنی سامراج کو قائم کرنے کے مقصد کے لیے قانون توڑ سکتی ہے اور دستور کے خلاف جاسکتی ہے اب جب کہ بابری مسجد رام جنم بھومی کیس سپریم کورٹ میں ہے بی جے پی کو تو یہ اعلان کرنا چاہئے تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار کرے گی۔ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے کہا کہ رام جنم بھومی کی کہانی ساری کی ساری جھوٹ پر مبنی اور بے بنیاد ہے اگر بابری مسجد کی جگہ پر رام جنم بھومی ہوتی تو کیا تلسی داس خون دل میں انگلیاں ڈبو کر اس کا المیہ نہیں لکھتا ۔

تلسی داس کا زمانہ بابر کے پوتے اکبر کا زمانہ ہے اور اس نے ایودھیا میں بیٹھ کر رام چرتر مانس لکھی جس کو عام طور پر تلسی رامائن کہا جاتا ہے اور اس میں کوئی ذکر نہیں کہ کوئی رام جنم بھومی تھی اور بابر نے اس پر مسجد بنائی ۔ جناب محمد عبدالرحیم قریشی نے مزید کہا کہ بی جے پی اگر برسر اقتدار آجائے تو نہ جمہوریت باقی رہے گی نہ اس کا کردار سیکولر ہوگا ۔ یونیفام سیول کوڈ نافذ کردیا جائے گا ۔ مسلمانوں سے شہریت کا حق چھین لیا جائے گا اور خود ہندو سماج میں منوسمیرتی کو رائج کیا جائے گا جس کا اعلان بہت پہلے وی ایچ پی کرچکی ہے یعنی آدی واسی و دلت اور بیک وڈ کلاس کے بھائیوں کو اعلیٰ ذات والوں کے برابر آج مساوات کا جو حق حاصل ہے وہ نہیں رہے گا ۔ جناب عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے کہا کہ جو ہندوستان کو جنت نشان بنانا چاہتے ہیں وہ بی جے پی کو قطعاً ووٹ نہ دیں کیوں کہ اب اس کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا ہے ۔۔

تلنگانہ میں فرقہ پرستی اور فاشزم کے خلاف مہم
تحریک مسلم شبان اور دیگر تنظیموں کا ہفتہ کو اجلاس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( راست ) : تحریک مسلم شبان اور دیگر مسلم تنظیموں کی جانب سے نئی ریاست تلنگانہ میں فرقہ پرستی اور فاشزم کے خلاف مہم کے لیے 12 اپریل کو صبح 11 بجے تلنگانہ کے تمام اضلاع کے مسلم جماعتوں ، اداروں ، انجمنوں ، دانشوران ملت ، علمائے کرام ، مشائخین عظام ، سماجی جہد کاروں کا ایک اجلاس لکڑی کا پل شاہ فنکشن ہال میں مقرر ہے ۔ اس اجلاس میں مسلمانوں کے متحدہ ووٹ سیکولر جماعتوں کے لیے اور فرقہ پرست طاقتوں کو انتخابات میں شکست کے لیے منصوبہ پر غور ہوگا ۔ امکان ہے کہ اس اجلاس میں تلنگانہ اضلاع اور علمائے کرام و مشائخین اور مسلم جماعتوں کا ایک متحدہ پلیٹ فارم تشکیل پائے ۔ اس ضمن میں جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے تمام دس اضلاع کے معززین اور جماعتوں سے ربط میں ہے اور اس ضمن میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو جناب ایم اے غفار نائب صدر مسلم جے اے سی ، حافظ خالد علی خاں قادری ، جناب سید عارف قادری ، جناب محمد محبوب و دیگر پر مشتمل ہے ۔ درد مندان ملت سے اس اجلاس میں شرکت اور تجاویز کی گزارش کی گئی ہے ۔۔