رائے پور۔/4اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ حکومت اس عہد پر کاربند ہے کہ بی جے پی برسراقتدار رہنے تک تحفظ گاؤ کے ساتھ ایک بھی مسلخ کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رمن سنگھ نے آج یہ وضاحت کی جبکہ چیف منسٹر کے آبائی ضلع راج نند گاؤں میں ایک سلاٹر ہاوز پراجکٹ کے بارے میں افواہیں پھیل گئی تھیں۔ ایک سرکاری بیان میں چیف منسٹر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بی جے پی اقتدار میں رہنے تک ریاست میں نہ صرف گائے کا تحفظ کیا جائے گا بلکہ ایک بھی مسلخ کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اڈیشہ کے ایک تانترک کو سزائے موت
جئے پور( اڈیشہ )۔ /4اگسٹ، (سیاست ڈاٹ کام ) اڈیشہ کے ضلع جئے پور میں ایک مقامی عدالت نے ایک 30سالہ خود ساختہ تانترک (جادوگر ) کو ایک 8سالہ لڑکے کو بلی کی بھینٹ چڑھانے کا مجرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جیون داس نے سکیندا پولیس اسیشن کے حدود میں دامودر پور گاؤں کے لڑکے سریکانت کو ہلاک کردینے کے الزام میں جادوگر پتامبر گجپال کو سزائے موت دینے کا حکم صادر کیا۔موضع اچھا نگر پٹنہ میں پیش آئے اس واقعہ سے علاقہ میں صدمہ کی لہر دوڑ گئی تھی۔ عدالت نے اس کیس میں 32گواہوں کے بیانات کی جانچ کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ گجپال نے 11فبروری 2010کو لڑکے کا گلا کاٹ کر اس کے جسم کے اعضاء کو تیز دھاری ہتھیار سے ٹکڑے ٹکڑے کردیا تھا۔ پولیس نے چارج شیٹ میں بتایا کہ ملزم نے لڑکے کو چاکلیٹ کا لالچ دے کر جرم کا ارتکاب کیا تھا۔