جنرل سکریٹری تلنگانہ پی سی سی سید عظمت اللہ حسینی کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں ’ اندھیر نگری چوپٹ راج ‘ چل رہا ہے ۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ اچھے دن اسی کو کہتے کیا ؟ وزیراعظم نریندر مودی سے استفسار کیا ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ نریندر مودی نے 2014 کے عام انتخابات میں 2 کروڑ روزگار ہر شہری کے بنک اکاونٹ میں 15 لاکھ جمع کرنے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا عوام کو یقین دلایا ۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد تمام وعدوں کو فراموش کردیا ۔ نوٹ بندی کرتے ہوئے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ۔ جی ایس ٹی متعارف کراتے ہوئے لاکھوں عوام کو بیروزگار کردیا ۔ ابھی تک عوام کے اکاونٹس میں 15 لاکھ روپئے جمع نہیں ہوئے جو کچھ بھی پونجی جمع تھی وہ بھی بنکوں کے حوالے ہوگئی ملک بھر میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ اقلیتیں اور دلت طبقات اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں ۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا جس سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ وزیراعظم تمام شعبوں میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ مودی بیرونی ممالک کے دوروں پر سرکاری خزانے کو لٹا رہے ہیں ۔ ان کے دوروں سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا نہ کوئی انڈسٹری ملک میں قائم ہوئی اور نہ ہی کسی کارپوریٹ ادارے نے ملک میں سرمایہ کاری کی ہے ۔ کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جو معاشی پالیسی تیار کی تھی اس سے ملک کی معاشی حالت مستحکم تھی مگر وزیراعظم نریندر مودی کے غلط فیصلوں سے معاشی بدحالی جنم لے رہی ہے ۔ 2014 میں پٹرول 60 روپئے فی لیٹر تھا جب کہ ڈیزل 45 روپئے فی لیٹر تھا ۔ ایل پی جی پکوان گیاس 400 روپئے فی سلنڈر دستیاب ہوتا تھا اور دودھ 40 روپئے فی لیٹر فروخت ہوتا تھا ۔ 2018 میں صورتحال بدل گئی ۔ پٹرول 85 روپئے اور ڈیزل 75 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔ پکوان گیاس کی قیمت میں دو گنا اضافہ ہوگیا ۔ 800 روپئے فی سلنڈر ایل پی جی گیاس دستیاب ہورہی ہے ۔ اور دودھ کی قیمت میں 20 روپئے کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ 60 روپئے فی لیٹر دودھ فروخت ہورہا ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے وزیراعظم نریندر مودی سے استفسار کیا کہ کیا یہی اچھے دن ہے ۔ جھوٹے وعدوں سے اقتدار حاصل کرنے والے مودی چار سال میں عوامی تائید سے محروم ہورہے ہیں ۔ 2019 میں عوام انہیں سبق سکھائیں گے ۔۔