بی جے پی کے حمایتی جنید عظیم سرینگر شہر کے میئر منتخب

سری نگر۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیکر سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے تین بلدیاتی حلقوں سے الیکشن جیتنے والے جنید عظیم متو ریاست کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے میئر منتخب ہوگئے ہیں۔وہ پیپلز کانفرنس جو کہ وادی کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ایک حلیف جماعت ہے ، کی ٹکٹ پر ایس ایم سی کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔ آزاد امیدوار محمد سلیم لون ایس ایم سی کے ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ منگل کو میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کے لئے ہونے والے انتخابات میں جنید متو کے حق میں 74 میں سے 40 ووٹ پڑے ۔ ان کے مدمقابل کانگریسی امیدوار غلام رسول حجام کے حق میں 26 ووٹ پڑے ہیں۔ چار ووٹوں کو منسوخ قرار دیا گیا۔ میئر بننے کے لئے کسی بھی امیدوار کو 35 ووٹ درکار تھے ۔بتادیں کہ 33 سالہ جنید متو نے امریکہ کی مشیگن اسٹیٹ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق جنید متو نے ایس ایم سی کے حلقہ نمبر 14 راولپورہ ، حلقہ نمبر 18 سولنہ اور حلقہ نمبر 65 بڈ ڈل سے کامیابی حاصل کی تھی ۔تاہم وہ ایک حلقہ ہار گئے تھے ۔