بی جے پی کی ’ ’بہار بچاؤ، بہار بناؤ‘‘ مہم کا آغاز

پٹنہ۔/25ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے بہار میں ایک انوکھی مہم شروع کی ہے جس کے تحت صرف 17دنوں میں 27000 عوامی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ آئندہ سال منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے لئے عوام تک زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کی جاسکے۔ بی جے پی نے اپنی اس مہم کو ’ بہار بچاؤ ، بہار بناؤ ‘ سے موسوم کیا ہے جسے ریاست گیر پیمانے پر چلایا جائے گا۔ یاد رہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں لالو پرساد کی آر جے ڈی، جنتا دل ( یو ) اور کانگریس کے اتحاد 10 اسمبلی نشستوں کے منجملہ 6نشستوں پر کامیابی حاصل تھی اور اس نتیجہ کے بعد بی جے پی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ مہم کے ذریعہ وزیر اعلیٰ بہار جتن رام مانجھی کی ناقص قیادت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی بہترین کارکردگی کو عوام کے سامنے لانا ہے۔ پارٹی کے کلیدی ترجمان ونود نارائن جھا نے کہا کہ2015 کے انتخابات کیلئے اسے ہماری تیاری سمجھئے۔ ہم اپنے ورکرس کو فعال بنائیں گے اور انہیں خصوصی ہدایت دی جائے گی کہ وہ زیادہ سے زیادہ عوام تک رسائی حاصل کریں۔ پارٹی نے مہم کے آغاز کیلئے 25ستمبر کا دن اس لئے منتخب کیا ہے کیونکہ اسی تاریخ سے ہندوؤں کے عظیم تہوار نوراتری کا آغاز ہورہا ہے

جبکہ بھارتیہ جن سنگھ کے لیڈر دین دیال اپادھیائے کی پیدائش کی تاریخ بھی 25ستمبر ہے۔ مسٹر جھا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی تمام 8463 پنچایتوں، 2900 شہری وارڈس اور اس کے علاوہ دیگر مقامات پر 15اکٹوبر تک اپنے عوامی جلسوں کا اہتمام کرے گی جس کے لئے کم و بیش 25 لاکھ ورقیئے جو ہندی زبان میں تیار کئے گئے ہیں، کو عوام میں تقیسم کیا جائے گا جس میں نریندر مودی حکومت کے100دنوں کی کارکردگی کو اُجاگر کیا جائے گا اور عوام کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ آر جے ڈی، جے ڈی ( یو ) اور کانگریس کے اتحاد کو کامیاب بناکر ’’ جنگل راج ‘‘ کو دوبارہ اپنے اوپر مسلط نہ کریں۔ اس سلسلہ میں سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے حاجی پور میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کیا جبکہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن نند کشور یادو نے مظفر پور کے جلسہ سے خطاب کیا۔ ریاست بھر میں منعقد شدنی عوامی جلسوں سے مرکزی حکومت کے متعدد وزراء اور ارکان پارلیمان خطاب کریں گے۔