نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی سرکاری ویب سائیٹ ہیک کرلی گئی جبکہ پارٹی کی نئی حکومت راشٹریہ پتی بھون میں تقریب حلف برداری کے سلسلہ میں مصروف تھی۔ ہیک کرنے والوں نے بی جے پی دہلی کی ویب سائیٹ پر بڑے مویشیوں کے گوشت کی تصویریں شائع کی۔ ویب سائیٹ کے ہوم پیج پر لفظ ’’بیف‘‘ لکھا گیا۔ دہلی بی جے پی کے اطلاعاتی ٹیکنالوجی شعبہ کے انچارج پرتیوش نے کہا کہ ہم نے اس بات کا سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے اور اصلاحی اقدامات کررہے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایسے کسی بھی واقعہ کا اعادہ نہ ہوسکے اور خاطی افراد کو سخت سزاء دی جائے۔