جی کشن ریڈی و دیگر پارٹی ارکان پارلیمنٹ کی آمد پر استقبال
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) مملکتی وزیر برائے داخلہ جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے دیگر ارکان پارلیمنٹ کی قومی دارالحکومت دہلی سے حیدرآباد آمد کے پیش نظر ریاستی بی جے پی یونٹ کی جانب سے 7 جون ایک ریالی بیگم پیٹ ایرپورٹ تا بی جے پی اسٹیٹ آفس واقع نامپلی ( روبرو نمائش میدان ) تک نکالی جارہی ہے جس کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں۔ تفصیلات کے مطابق کل کشن ریڈی اور دیگر بی جے پی ارکان پارلیمنٹ بذریعہ خصوصی طیارہ 2 بجے دن بیگم پیٹ ایرپورٹ پہونچیں گے جہاں سے ریالی کا آغاز ہوگا۔ یہ ریالی رسول پورہ چوراہا، سی ٹی او جنکشن، پیراڈائز جنکشن، رانی گنج چوراہا، کربلا میدان، کواڑی گوڑہ چوراہا، مشیرآباد چوراہا، آر ٹی سی کراس روڈس، نارائن گوڑہ چوراہا، حمایت نگر وائی جنکشن، اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس، بشیر باغ چوراہا، بی جے آر مجسمہ جنکشن، عابڈس جی پی او سے گزرتی ہوئی بی جے پی اسٹیٹ آفس پہونچے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اِس ریالی میں 3 ہزار سے زائد بی جے پی کارکن شرکت کریں گے اور اِس ریالی کے پیش نظر کئی مقامات پر ٹریفک کو روکا جاسکتا ہے یا پھر صورتحال کے مطابق ضرورت پڑنے پر رُخ تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ ریالی کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مذکورہ راستوں کا متبادل اختیار کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔