بی جے پی کو سیما آندھرا و تلنگانہ میں علاقائی جماعتوں سے اتحاد کی امید

نئی دہلی 21 مارچ ( پی ٹی آئی ) ٹاملناڈو میں اتحاد کے بعد بی جے پی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسے تلنگانہ اور سیما آندھرا میں علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد میں کامیابی حاصل ہوگی ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ارون جیٹلی نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی حکومت 24 جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل تھی اور اب بھی یہ جماعت اسی سمت میں جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو کے بعد انہیں امید ہے کہ سیما آندھرا اور تلنگانہ میں علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے میں کامیابی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو بی جے پی صرف کیرالا ‘ اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں کسی اتحاد کے بغیر مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے آج کے دور میں حقیقی وفاقی کردار پیش کر رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کے حق میں ٹاملناڈو اور آندھرا پردیش سے ہی زیادہ بہتر نتائج آئیں گے ۔