بی جے پی کو اتر پردیش میں تیسری طلاق‘ سیتارام یچوری

موجودہ افراتفری 175 دن جاری رہے گی ، جنر ل سکریٹری سی پی ایم کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسٹ کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری طلاق ثلاثہ ختم کرنے مرکزی حکومت کی کوششوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو دہلی اور بہار اسمبلی انتخابات میں دو طلاق مل چکے ہیں اور تیسری طلاق اترپردیش اسمبلی انتخابات میں مل جائے گی ۔ یچوری نے میدک ضلع مہاجنا پدیاترا میں حصہ لیا اور عوام سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی نوٹوں کی منسوخی کے مودی حکومت کے اقدام سے درپیش بحران اور افراتفری ختم ہونے اور معمول کے حالات بحال ہونے 175 دن لگیں گے ۔ یچوری نے کہا کہ ان کی پارٹی نے تلنگانہ میں سماجی انصاف کیلئے پدیاترا شروع کی ہے اور سماجی انصاف کا حصول درج فہرست اقوام و قبائل پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو شامل کیے بغیر ممکن نہیں ہے جو عوام کا 93 فیصد ہیں ۔ سی پی آئی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری ٹی ویرا بھدرام نے بھی مخاطب کیا ۔