بی جے پی کا تلنگانہ میں حکمران ٹی آر ایس کے ساتھ ساز باز

کے سی آر کو بے دخل کرنے کانگریس میں شمولیت کا ادعا ، ناگم جناردھن ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں حکمران ٹی آر ایس سے سازباز کرچکی ہے ۔ ان کا اصل نشانہ چیف منسٹر کے سی آر ہے ۔ ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ۔ دہلی میں آج صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ ساتھ ہی بدعنوانیوں ، بے قاعدگیوں میں ملوث رہنے والی اور عوام دشمن پالیسیوں پر عمل کرنے والی ٹی آر ایس سے سازباز کرچکی ہے ۔ جس پر وہ بطور احتجاج بی جے پی سے مستعفی ہوچکے ہیں اور ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے کانگریس پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں اور کانگریس کو آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کریں گے کیوں کہ ان کا اصل نشانہ کے سی آر ہے ۔ ناگم جناردھن ریڈی نے ان کی کانگریس میں شمولیت کی خود کانگریس قائدین کی جانب سے مخالفت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے ان کی مخالفت نہیں کی ہے ۔ وہ کانگریس پارٹی کے تمام قائدین کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ان کا کانگریس پارٹی میں والہانہ استقبال کیا ہے اور مستقبل میں مکمل تعاون کرنے کا بھی تیقن دیا ہے ۔ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کے تعمیراتی کاموں میں بڑے پیمانے کی بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے ہی وہ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں ۔ بی جے پی سے مستعفی ہو کر کانگریس میں شامل ہونے والے اے سرینواس نے کہا کہ ان کی گھر واپسی ہوئی ہے ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی متبادل کانگریس ہے ۔ بی جے پی عوامی مسائل پر ٹی آر ایس حکومت کو گھیرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی رخ اختیار کرنے اور عوام سے رجوع ہونے کے بجائے بی جے پی بند کمروں کے اجلاس تک محدود ہوگئی ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ بی جے پی سے مستعفی ہو کر کانگریس میں شامل ہورہے ہیں اور کانگریس کے پلیٹ فارم سے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان ٹکٹ دیتی ہے تو وہ اسمبلی حلقہ ویملواڑہ سے مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سی رمیش کی دوہری شہریت کے خلاف ان کی قانونی جنگ جاری رہے گی ۔۔