نئی دہلی 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے چیف منسٹروں کا ایک اجلاس کل منگل کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی ‘ بی جے پی صدر امیت شاہ کے علاوہ بی جے پی کے 15 چیف منسٹرس اس ایک روزہ اجلاس میں شرکت کرینگے جبکہ پارٹی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کیلئے اب 8 ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ۔ بی جے پی ذرائع نے کہا کہ چیف منسٹروں کی کانفرنس میں اعلی قائدین پارٹی اقتدار والی ریاستوں میں جاری کاموں کا جائزہ لیں گے اور انہیں ہدایات جاری کرینگے ۔ اس اجلاس کو اس لئے بھی زیادہ اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ تین ریاستوں میں اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ہیں ۔ اس کے بعد لوک سبھا انتخابات ہونگے ۔ مدھیہ پردیش ‘ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں جاریہ سال کے اواخر تک اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ تینوں ریاستوںمیں بی جے پی کی حکومتیں قائم ہیں۔ کہا گیا ہے کہ مستقبل کے ایجنڈہ اور بہتر حکمرانی پر اجلاس میں غور کیا جائیگا ۔ مختلف ریاستوں میں بی جے پی کے ڈپٹی چیف منسٹرس بھی اجلاس میںشرکت کرینگے ۔ اجلاس میں بی جے پی کی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لئے جانے کا بھی امکان ہے ۔