میدک ضمنی انتخاب میں شکست پر کشن ریڈی و دیاکر راؤ کو سنیاس لینے کا چیلنج : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے بی جے پی پر فرقہ پرستی کا زہر اگلتے ہوئے پرامن حالات کو کشیدہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی پر سیاسی سنیاس لے لینے کا بی جے پی کے کشن ریڈی اور تلگو دیشم کے دیاکر راؤ کو چیلنج کیا اور ٹی آر ایس کے امیدوار کو شکست ہونے پر وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلینے کا دعویٰ کیا ۔ میدک لوک سبھا کا ضمنی انتخاب عروج پر پہونچ گیا ہے ۔ کانگریس ، بی جے پی اور تلگو دیشم کی جانب سے ٹی آر ایس کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ٹی آر ایس کی انتخابی کمان سنبھالنے والے ریاستی وزیر مسٹر جی کشن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو ضلع میدک کے عوام مسترد کرچکے ہیں ۔ بی جے پی نے ایسے قائد کو اپنا امیدوار بنایا ہے جنہیں 2014 کے عام انتخابات میں سنگاریڈی کے عوام نے ٹھکرادیا ہے ۔ بی جے پی تلنگانہ کے صدر مسٹر جی کشن ریڈی مخالف تلنگانہ مسٹر جگا ریڈی کو پارٹی ٹکٹ دے چکے ہیں ۔ بی جے پی کی تلنگانہ ہمدردی اور حقائق منظر عام پر آچکے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے امیدوار کو اقلیتوں کے بشمول سماج کے تمام طبقات کی تائید حاصل ہوچکی ہے ۔ جس سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور فرقہ پرستی کا کارڈ کھیلتے ہوئے پرامن حالات کو تباہ و تاراج کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کو ٹی آر ایس ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔ امن کو بگاڑنے والوں کو آہنی پنجہ سے کچل دیا جائے گا ۔ تلنگانہ ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے ۔ انہوں نے بی جے پی سے اتحاد کے بعد تلگو دیشم پر بھی زعفرانی رنگ حاوی ہوجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی صدر کشن ریڈی اور تلگو دیشم رکن اسمبلی مسٹر ای دیاکر راؤ کو چیلنج کیا اور کہا اگر ٹی آر ایس کے امیدوار کو شکست ہوتی ہے وہ سیاسی میدان سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گے اور سوال کیا اگر بی جے پی امیدوار کو شکست ہوتی ہے تو کیا کشن ریڈی اور دیاکر راؤ سیاست سے دستبردار ہونے تیار ہیں؟ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس قائدین پر عوام کو بھروسہ نہیں ہے کانگریس اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے تلنگانہ بالخصوص ضلع میدک کے عوام مطمئن ہیں ۔ ٹی آر ایس کی ضمنی انتخاب میں کامیابی اس کا ثبوت ہوگی ۔