گوہاٹی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ملک میں ہونے والے کرپشن کے واقعات کو بین الاقوامی بنادیا ہے ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن نے ادعا کیا کہ یو پی اے اقتدار میں جو اسکامس منظر عام پر آئے تھے وہ انتہائی معمولی نوعیت کے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد کرپشن کو بین الاقوامی حیثیت حاصل ہوگئی ہے ۔ یہ اسکامس 8,000 کروڑ 11,000 کروڑ اور اسی نوعیت کے ہوگئے ہیں۔ دھوکہ دینے والے افراد بڑی آسانی سے ملک سے فرار ہو رہے ہیں اور وطن واپس نہیں آ رہے ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا دعوی ہے کہ ان کے تمام عالمی قائدین سے اچھے تعلقات ہیں ایسے میں پھر وہ کیوں نہیں للت مودی ‘ وجئے ملیا ‘ نیرو مودی اور دوسروں کو واپس نہیں لا رہے ہیں۔ اس کام کیلئے وہ اپنے تعلقات اور اثر و رسوخ کو استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور خود وزیر اعظم نریندر مودی پر اسکامس میں ملوث رہنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسی وجہ سے مودی خاموش ہیں۔