نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کرن بیدی کو چیف منسٹر امیدوار کی حیثیت سے پیش کرنے کے بعد بی جے پی میں ناراضگیوں کے پیدا ہونے کے امکان کو مسترد کردیا اور کہاکہ پارٹی کے اندر کوئی بحران نہیں ہے۔ اس کا کیڈر متحد و مضبوط ہے۔ پارٹی اپنے دم پر متحد ہوکر دہلی اسمبلی انتخابات کا مقابلہ کرے گی۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی میں کوئی ناراضگیاں نہیں ہیں۔ کرن بیدی کو دہلی کی چیف منسٹر امیدوار کی حیثیت سے پیش کرنے کے بعد پارٹی قائدین میں شدید ناراضگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ اُنھوں نے اس سوال کا جواب دیا تھا کہ سابق آئی پی ایس عہدیدار کو چیف منسٹر کے امیدوار کی حیثیت سے نامزد کرنے پر پارٹی کے سینئر قائدین میں ناراضگی پیدا ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کے بعض ارکان کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ بی جے پی کے دہلی آفس کے سامنے جمع ہوکر کیڈرس نے نعرے بھی لگائے ہیں لیکن دہلی انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر تھوڑی سی ناراضگی سے ہٹ کر کچھ نہیں ہے۔ اگر پارٹی میں کوئی شکایت ہے اور پارٹی کیڈرس کو کسی بات پر ناراضگی ہے تو اس کو مسئلہ بنانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ پورا پارٹی کیڈر متحد ہے اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
65 سالہ کرن بیدی جنھوں نے گزشتہ ہفتہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے کو پیر کے دن دہلی کے چیف منسٹر عہدہ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ نے دہلی میں یوم جمہوریہ کے انتظامات پر بھی واضح کیاکہ یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر سکیوریٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ خاص کر صدر امریکہ بارک اوباما کے دو روزہ دورہ کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے کہاکہ راج پتھ پر جہاں یوم جمہوریہ پریڈ ہوگی وی وی آئی پی کے لئے سخت ترین سکیورٹی ہوگی۔ اس پریڈ میں صدر امریکہ بارک اوباما مہمان خصوصی ہوں گے۔ زمین سے آسمان تک سکیوریٹی ہوگی۔ ایک راڈر کے ذریعہ خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ زمین سے آسمان تک سکیوریٹی کے حصہ کے طور پر اوباما کو آگرہ کے دورہ کے دوران بھی چوکسی اختیار کی جائے گی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اوباما کے دورہ کے دوران سکیوریٹی کے انتظامات کس حد تک کئے گئے ہیں، راجناتھ سنگھ نے کہاکہ تمام سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں کوئی خامی اور کوتاہی نہیں کی جارہی ہے۔ اس کے لئے ایک ملٹی ایجنسی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو سارے علاقہ کی نگرانکار کیمروں کے ذریعہ نگرانی کرے گا۔ وزارت داخلہ کے تحت آنے والی فورس بی ایس ایف نے بھی جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد پر سکیوریٹی کو تیز کردیا ہے جہاں پر 200 ایڈیشنل عملہ کو تعینات کیا جائے گا۔ صدر امریکہ اوباما 25 جنوری کو 3 روزہ دورہ پر ہندوستان پہونچ رہے ہیں۔