بھوپال 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ بی جے پی میں موجودہ صورتحال یہ تاثر دے رہی ہے کہ پارٹی میں ہر بات پر نریندر مودی کی مرضی کا غلبہ ہے ۔ جس انداز میں آج کل بی جے پی میں واقعات پیش آرہے ہیں اُن سے نشاندہی ہوتی ہے کہ کسی بھی بات میں پارٹی کی کوئی مرضی نہیں ہے۔ نریندر مودی جو چاہتے ہیں اسی کو غلبہ حاصل ہوتا ہے وہ اپنی قیامگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس سوال پر کہ بی جے پی میں مبینہ طور پر برہمنوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ نہ صرف برہمن بلکہ ان تمام کو نظر انداز کیا جارہا ہے جو مودی کے مخالف ہیں۔ سینئر کانگریس قائدنے کہا کہ بی جے پی کو ہندو دھرم پر عقیدہ نہیں ہے بلکہ وہ صرف سیاسی مقاصد کیلئے اس کا استحصال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک راسخ العقیدہ ہندو ہیں لیکن انہوں نے کبھی سیاسی مقاصد کیلئے مذہب کا استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لارڈ رام کو کبھی بھگوان کا رتبہ نہیں دیا صرف انہیں ’’مریادا پُرش‘‘ تسلیم کیا ہے۔ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ایک فسطائی پارٹی ہے۔ اس بات کی نشاندہی نریندر مودی کو فروغ دینے کے انداز سے ہوتی ہے۔وارناسی میں ان کے حامیوں کے ’’ہر ہر مودی ‘‘نعرہ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہندو دھرم کی توہین کے مترادف ہے۔ بی جے پی نے اس نعرہ سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے لیکن بی جے پی کا کم از کم ایک وزیر اب بھی یہ نعرہ لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپنین پولس پر انہیں کبھی بھی یقین نہیں رہا کیونکہ یہ رقم کے معاوضہ میں تیار کئے جاتے ہیں۔