وزیراعظم پر مغربی بنگال حکومت کیخلاف غلط اطلاعات پھیلانے کا الزام ، ٹی ایم سی کا جوابی وار
کولکتہ ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان پر مغربی بنگال حکومت کے خلاف غلط اطلاعات پر مبنی مہم چلارہی ہے اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی ایک ایسا سنڈیکیٹ چلارہی ہے جو ’’مذہبی دہشت گردی پھیلارہا ہے ‘‘ ۔ وزیراعظم مودی کی طرف سے مدناپور ریلی میں ممتابنرجی حکومت کے خلاف سخت تنقیدی حملوں اور اس (ٹی ایم سی ) پر اس ریاست میں جمہوریت کا گلہ گھونٹنے اور سنڈیکیٹ راج چلانے کے الزامات عائد کئے جانے کے فوری بعد ترنمول کانگریس ( ٹی ایم سی) بھی مساویانہ انداز میں جارحانہ تیور اپناتے ہوئے بی جے پی قائدین کو خبردار کیا کہ ’’وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں‘‘ ۔ ٹی ایم سی کے سکریٹری جنرل پارتھا چٹرجی اور راجیہ سبھا میں اس کے لیڈر ڈیرک اوبرائین نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ’’ہجومی تشدد کا سنڈیکیٹ ‘‘ چلارہی ہے ۔ ’’سنڈیکیٹ! کسی سنڈیکیٹ کے بارے میں بی جے قائدین سے بہتر کون جان سکتا ہے؟ آپ ( بی جے پی قائدین ) کی پارٹی ہی ایک سنڈیکیٹ ہے جو مذہبی انتہاپسندی پھیلاری ہے ۔ آپ کی پارٹی جنونیوں کا سنڈیکیٹ ہے ۔ آپ کی پارٹی ایجنسیوں کا سنڈیکیٹ ہے ۔ آپ کی پارٹی ایک سنڈیکیٹ ہے جس نے نوٹ بندی کی تھی ۔ آپ کی پارٹی کرپشن کا سنڈیکیٹ ہے ۔ چنانچہ بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں‘‘ ۔