حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) بی جے پی فلور لیڈر مسٹر جی کشن ریڈی کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی۔ قائد اپوزیشن نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ سے ایک تحریری شکایت درج کروائی جس میں بتایا گیا کہ ان کی ویب سائٹ ’کشن ریڈی ڈاٹ کام‘ کو آج صبح ہیک کرلیا گیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اُن کی ویب سائٹ 10 سال قبل قائم کی گئی تھی اور اُن کے دفتر کے ملازمین آئے دن اُن کی سیاسی سرگرمیوں اور دیگر پروگرامس اور تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ آج صبح اُن کے ایک ملازم نے ویب سائٹ کے نیوز سیکشن میں ایک غیرمعمولی اپ لوڈ کیا گیا مواد دیکھا جس پر ’پاک ماؤنسٹرس‘ تحریر تھا۔ اُنھوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بعض قوم دشمن عناصر اور پاکستانی ایجنٹس کی جانب سے اُن کی ویب سائٹ ہیک کی گئی اور اس سلسلہ میں مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے یہ بھی بتایا کہ 6 ماہ قبل بھی اُن کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔