بی جے پی رکن اسمبلی کو 3 ماہ کی سزائے قید

ایوت محل (مہاراشٹرا) 28 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی راجو توڈسم کو مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ایک عہدیدار پر حملہ اور گالی گلوج کے الزام میں مقامی عدالت نے 3 ماہ کی سزائے قید سنائی ہے۔ تھرڈ جوائنٹ سیول جج اور جوڈیشیل مجسٹریٹ (فرسٹ کلاس) پھندر کوڈا کورٹ مسٹر ایچ اے وائی نے توڈسم کے خلاف 10 ہزار روپئے کا بھی جرمانہ عائد کیا جوکہ آر ٹی کیلا حلقہ کے رکن اسمبلی ہیں۔ عدالت نے کل اپنے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے پر سزائے قید میں مزید ایک ماہ کی توسیع ہوجائے گی۔ استغاثہ کے بموجب 17 ڈسمبر 2013 ء کو مسٹر راجو توڈسم نے جو اس وقت پندھر کواڈا تعلقہ کے صدر تھے، بی جے پی کارکنوں کے ساتھ برقی بورڈ کے دفتر میں داخل ہوگئے اور برقی بلز کے بارے میں عہدیداروں سے وضاحت طلب کی اور ان کے جواب سے غیر مطمئن ہوکر گالی گلوج کردی تھی ۔ ملازمین کی شکایت پر پولیس نے ایک کیس درج کرکے انھیں عدالت میں چارج شیٹ پیش کی تھی۔