تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی 16 حلقوں میں کامیابی یقینی : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ /20 مارچ (این ایس ایس) ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی سیاسی سرگرمی میں کمی ہوئی ہے ۔ کانگریس ’ آف لائن‘ ہوگئی ہے ۔ آنے والے انتخابات میں ان دونوں جماعتوں کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے ۔ کے ٹی آر آج حلقہ بوتھ کے کانگریس لیڈر انیل یادو کا تلنگانہ بھون میں منعقدہ پروگرام میں گلدستہ کے ساتھ خیرمقدم کے بعد خطاب کررہے تھے ۔ ٹی آر ایس لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اپنی کشش کھوچکے ہیں اور کانگریس عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے ۔ عوام نے ٹی آر ایس کی تائید کی ہے ۔ مرکز سے اپنے جائز حقوق حاصل کرنے لوک سبھا کے 16 حلقوں میں اس ( ٹی آر ایس) کی کامیابی یقینی بنائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس یا بی جے پی کو مطلوبہ تعداد میں لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل نہیں ہوگی ۔ یہ دونوں جماعتیں اکثریتی حکومت تشکیل نہیں دے سکیں گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ 150 اور کانگریس کو تقریباً 100 نشستیں حاصل ہوں گی ۔ اس طرح یہ دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر بھی حکومت نہیں بناسکیں گی ۔