نئی دہلی ۔13 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں آج آپس میں کانا پھوسی میں مصروف ارکان کو ڈپٹی اسپیکر کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا اور انھوں نے کہاکہ آپ کو بات کرنا ہو تو ایوان سے باہرچلے جائیں۔ ایوان میں رقمی لین دین قانون میں ترمیم پر بحث جاری تھی کہ ڈپٹی اسپیکر ایم تھمبی دورائی نے کہا کہ انھیں سرکاری بنچس کی طرف سے آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ اگر آپ کو بات کرنا ہے ، برائے مہربانی باہر بیٹھ جائیں۔ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اہم بل پر بحث کے دوران مجھے سرکاری بنچس کی طرف سے ہی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ اس وقت بعض سینئر ارکان اپنے ساتھیوں سے خاموش رہنے کیلئے کہہ رہے تھے کہ کانگریس کے بعض ارکان نے ریمارک کیا کہ ’’بی جے پی ارکان گپیں لڑا رہے ہیں‘‘ ۔ کئی بی جے پی ارکان کو جو عقبی نشستوں میں بیٹھے تھے ، بات چیت کرتے دیکھا گیا۔ پارٹی کی بعض خاتون ارکان کو بھی علحدہ گروپ کی شکل میں بات چیت میں مصروف دیکھا گیا ۔ آج زائد از تین ماہ طویل بجٹ سیشن کا آخری دن تھا ۔