امیت شاہ ’گبر سنگھ‘ ہیں تو ادھو ٹھاکرے ’انگریزوں کے زمانہ کے جیلر‘
ممبئی 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی ۔ شیوسینا کے تعلقات میں آج مزید تلخیاں پیدا ہوگئیں جبکہ دونوں جماعتوں کے قائدین ایک دوسرے کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے بالی ووڈ کے کرداروں، ولن اور کامیڈین سے تشبیہ دیا۔ شیوسینا کے رکن راجیہ سبھا سنجے راوت نے بی جے پی ترجمان مادھو بھنڈاری کی جانب سے شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے کو 1970 ء کی مقبول عام فلم شعلے کے جیلر سے تقابل کرنے پر چیف منسٹر دیویندر فڈنویس سے وضاحت طلب کی اور دریافت کیاکہ آیا یہ بھنڈاری کی ذاتی رائے ہے یا نہیں؟ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کے بعض قائدین کا لب و لہجہ اس قدر جارحانہ ہے کہ صرف وہی حکومت چلارہے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ حکومت کو زوال سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ اگر بی جے پی کو شیوسینا کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا پسند نہیں ہے تو وہ این سی پی سے حمایت حاصل کرنے کے لئے آزاد ہے اور پارٹی قائدین اجیت پوار، چھگن بھوجبل اور سنیل تتکرے سے بات چیت کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی کے ترجمان منوگت میں شائع بھنڈاری کے ایک مضمون پر یہ ردعمل ظاہر کیا جس میں ادھو ٹھاکرے پر طنز کرتے ہوئے ان کا تقابل برطانوی دور کے جیلر سے کیا گیا اور یہ کردار فلم شعلے میں کامیڈین اسرانی نے ادا کیا تھا۔
دریں اثناء ممبئی میں شیوسینا کارپوریٹر کشوری پیڈنیکر نے مزاحیہ کرداروں کو آگے بڑھاتے ہوئے کہاکہ اگر ادھو ٹھاکرے فلم شعلے کے جیلر ہیں تو ان کا سربراہ خطرناک ولن گبر سنگھ ہیں۔ فلم میں یہ رول امجد خان نے ادا کیا تھا۔ وہ بظاہر بی جے پی صدر امیت شاہ کی طرف اشارہ کررہے تھے۔ خاتون کارپوریٹر نے کہاکہ فلم کے اختتام پر بی جے پی کے گبر سنگھ کا ایسا ہی حشر ہوگا جیسا کہ فلم شعلے میں ڈاکو گبر سنگھ کا ہوا تھا۔ انھوں نے بھنڈاری کو مزاحیہ اداکار راجپال یادو سے تشبیہ دیا جس نے ہدایت کار پریہ درشن کی فلم ہلچل میں رول ادا کیا تھا۔ جبکہ شیوسینا کے لوک سبھا رکن چندر کانت کھیرے نے متنبہ کیاکہ اگر ٹھاکرے کے خلاف بھنڈاری کے یہ سطحی تبصرے جاری رہیں گے تو شیوسینکوں پر قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔ پارٹی ترجمان ’سامنا‘ میں بی جے پی لیڈر بھنڈاری کو خبردار کیا گیا کہ وہ اپنے حدود میں رہیں بصورت دیگر ہم بھی کیرت سومیا کا تقابل شکتی کپور سے کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی شیوسینا کے ممبئی میئر اسنیہال امبیڈکر نے وزیراعظم نریندر مودی کے طرز حکمرانی کو اڈولف ہٹلر سے تقابل کرکے زبردست تنازعہ پیدا کردیا تھا۔