کانگریس سے حلیف نیشنل کانفرنس کے مطالبہ کی وضاحت پر زور : امیت شاہ
دہرہ دون۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے قائد عمر عبداللہ کی جموں و کشمیر ریاست کیلئے علیحدہ وزیراعظم کے مطالبہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے چہارشنبہ کو کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے وضاحت طلب کی ہے کہ وہ اپنی ایک اتحادی جماعت کے قائد کے اس بیان پر اپنے موقف کا اظہار کریں۔ امیت شاہ نے کہا کہ چاہے ان کی جماعت اقتدار میں رہے یا حزب مخالف میں وہ کبھی اس مطالبہ کو پورا ہونے نہیں دیں گے۔ امیت شاہ نے اتراکھنڈ میں اتر کاشی کے مقام پر ایک جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ’’عمر عبداللہ کہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کا ایک علیحدہ وزیراعظم ہونا چاہئے اور ان کے رفقاء پاکستان موافق نعرے لگاتے ہیں اور کانگریس خاموش رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کا نیشنل کانفرنس کے ساتھ انتخابی اتحاد ہے۔ کانگریس اپنی قوم کو بتائے کہ وہ عمر عبداللہ کے مطالبہ سے اتفاق کرتی ہے یا نہیں کرتی۔ نیشنل کانفرنس کے صدر نے گزشتہ دوشنبہ کو کہا تھا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کے خصوصی موقف پر حملے کی کبھی اجازت نہیں دے گی اور ایسی صورت میں جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق بشمول صدر ریاست اور وزیراعظم کے عہدوں کی شرائط کی بحالی چاہے گی۔