بی جے پی ،مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی مخالف

کے سی آر پر مسلمانوں کو خوش کرنے کا الزام ، اجلاس سے کشن ریڈی کا خطاب

سنگاریڈی 5 اگسٹ (پی ٹی آئی) بی جے پی تلنگانہ ریاستی یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی نے آج کہاکہ بی جے پی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے حکومت تلنگانہ کی کوششوں کی سخت مخالفت کرے گی۔ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن بی جے پی مذہبی بنیادوں پر تحفظات کی فراہمی کی مخالف ہے۔ علاوہ ازیں تحفظات کی فراہمی کی کوشش کسی فلاحی اقدام کے بجائے محض مسلمانوں کو خوش کرنے کی ایک کوشش ہے۔ کشن ریڈی نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی وعدے پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور فلاحی اسکیمات میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ فیس ری ایمبرسمنٹ کے گزشتہ سال کے بقایا جات تاحال ادا نہیں کئے گئے ہیں اور اب طلبہ کی وطنیت کا مسئلہ اُٹھایا جارہا ہے۔ حالانکہ وطنیت ثابت کرنا انتہائی دشوار ہے اور ایسی کوششوں سے تلنگانہ کے طلبہ کو بھاری نقصان ہوگا۔ کشن ریڈی نے کہاکہ مستحق طلبہ کے ساتھ ناانصافی کو بی جے پی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔