بی ایچ یوتشدد:ڈاکٹروں کی ہڑتال سے ہزاروں مریض بے حال

وارانسی27ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )اترپردیش میں وارانسی کی کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں تشدد کے واقعات کے بعد کشیدہ حالات کے درمیان جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے تیسرے دن بھی جاری رہنے سے ہزاروں مریض پریشان ہیں۔یونیورسٹی کے ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے مطالبے پر ہڑتال پر گئے جونیئر ڈاکٹروں کو منانے کی کوششیں جاری ہیں لیکن وہ حالیہ دنوں میں کئی بار ہوئے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے مطالبے پر بضد ہیں۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سریش راو آنند کلکرنی نے بتایا کہ پولیس نے بی ایچ یو تشدد معاملے میں 300سے زیادہ افرادکے خلاف الگ الگ چار ایف آئی آر درج کی ہیں۔پیر کو علاج کے دوران ہوئے جھگڑے کے بعد جونیئر ڈاکٹروں سے مارپیٹ کرنے کے ایک ملزم شیواجی سنگھ کو گرفتار کرکے عدالت کے حکم پر جیل بھیج دیا گیا ہے ۔سی سی ٹی وی اور دیگر ویڈیو فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت کی جارہی ہے ۔