سنجیدہ مزاج، متواضع وخاکساراورملنسارشخصیت اوربی ایس پی کے سینئرلیڈرفدا محمد خان کا طویل علالت کے بعد گزشتہ شب لکھنو کے سہارا اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ فدا محمد خان کا تعلق اترپردیش کے ضلع بلرام پورکے گرچہوا گاوں سے تھا۔ امیراورثرت مند ہونے کے باوجود لوگوں میں اپنی انکساری اورسنجیدگی کی وجہ سے انتہائی مقبول تھے۔ ساتھ ہی غریبوں کے مسیحا کے طورپرشناخت تھی۔ تدفین آبائی گاوں گرچہوا قبرستان میں آج سہ پہرتین بجے ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق وہ طویل وقت سے بیمارچل رہے تھے، لیکن گزشتہ دنوں مزید طبعیت بگڑنے کے بعد لکھنو کے سہارا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں علاج کے دوران منگل کی شب 10:30 بجے آخری سانس لی۔ انتقال کی خبر پھیلتے ہی سوشل میڈیا پردعاوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اورعلاقے میں غم کی لہردوڑگئی۔ دراصل سیاسی شخصیت ہونے کے باوجود دینی اورتعلیمی کاموں میں دلچسپی لیتے تھےاوربڑھ چڑھ کردینی جلسوں اورمدارس کے پروگراموں میں شرکت بھی کرتے تھے۔
بھانبھرعلاقہ کی معروف شخصیت، معروف خانوادہ سے تعلق رکھنے والے، اترپردیش کی سیاست میں سرگرم رہنے والے، نہایت خلیق وملنسار، معروف کاروباری اوربزنس مین، سنجیدہ طبیعت کے مالک، ہرچھوٹے بڑے کے ساتھ یکساں سلوک کرنے والے رہنما سے محروم ہونے کے بعد علاقے میں غم کا ماحول دیکھنےکو مل رہا ہے۔
فدا محمد خان بی ایس پی کے منڈل انچارج تھے۔ اس سے قبل وہ کئی باراسمبلی الیکشن میں بھی قسمت آزما چکے تھے۔ ایک بارتوقسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا تھا، جب وہ بہت معمولی فرق سے الیکشن ہارگئے تھے۔ دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کےساتھ بھی رشتے بہتر تھے۔ کانگریس نے ضلع بلرام پورکا صدربھی بنایا تھا۔ تاہم بعد میں پھروہ بی ایس پی میں واپس چلے گئے تھے۔