بی ایس پی میں نسیم الدین صدیقی قد آور لیڈر

لکھنؤ،29جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی )کے قد آور رہنما نسیم الدین صدیقی کی گرفتاری کے مطالبہ کو درکنار کرتے ہوئے پارٹی نے ان کا قد مزید بڑھا دیا ہے ۔بی ایس پی کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اب انہیں پوری ریاست میں مسلمانوں کو پارٹی سے جوڑنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔اس کے ساتھ ہی ان کے بیٹے افضل صدیقی کو ریاست کے کل 18میں سے چھ بلاکس میں مسلمانوں کے درمیان جانے اور انہیں بی ایس پی سے جوڑنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔مسٹر نسیم الدین صدیقی نئی ذمہ داریوں کے ساتھ ہی اترپردیش کے مغربی علاقے اوراتراکھنڈ کے انچارج برقرار رہیں گے ۔واضح رہے کہ دیاشنکر سنگھ معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )نے مسٹر صدیقی کی گرفتاری کے مطالبہ کے سلسلے میں تحریک چلارکھی ہے ۔بی جے پی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریا جہاں اس مطالبہ کو لے کر حکومت پر حملہ آورہیں وہیں بی جے پی خاتون محاذ نے کل لکھنؤمیں زوردار مظاہرہ کیا۔
معمر خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی
بوندی ( راجستھان ) ۔ 29 ۔ جولائی : (سیاست ڈاٹ کام ) : ایک 75 سالہ خاتون کی 2 افراد نے انیتھا گاؤں کے قریب عصمت ریزی کردی ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 13 دن قبل پیش آیا تھا لیکن متاثرہ خاتون نے کل 2 نوجوانوں کے خلاف شکایت درج کروائی ہے جس میں یہ الزام عائد کیا گیا کہ رادھیے شیام اور رام لال نے زبردستی ایک موٹر سیکل پر بیٹھا کر ایک ویران مقام پر لے گئے اور اس کی عصمت ریزی کردی ۔ پولیس نے 2 نوجوانوں کے خلاف کیس درج کر کے متاثرہ خاتون کو طبی معائنہ کیلئے ہاسپٹل روانہ کردیا اور یہ بھی تحقیقات کی جارہی ہے کہ خاتون نے شکایت درج کروانے میں تاخیر کیوں کی ۔۔