بیٹی کی شادی منسوخ ہونے پر والدین کی خودکشی

فیروزآباد ۔ 5 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )ایک جوڑے نے اپنی بیٹی کی شادی ٹوٹ جانے پر غمزدہ ہوکر زہر پی لیا جس سے اُن کی موت واقع ہوئی ۔ پولیس نے بتایا کہ جمنا پرساد (55) اور اُن کی بیوی 48 سالہ ششی نے آج صبح زہر پی لیا۔ انھیں فوری طورپر ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مُردہ قرار دیا۔ اُن کی بیٹی کی شادی 24 مارچ کو منعقد شدنی تھی لیکن کچھ ناگزیر وجوہات پر شادی منسوخ ہوگئی تھی جس نے انھیں بہت زیادہ غمزدہ کردیا تھا ۔ علاوہ ازیں متوفی جوڑا مالی بحران سے بھی دوچار تھا ۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بیٹی کی عصمت ریزی کرنے والے باپ کو سزائے عمر قید
نئی دہلی ۔ 5 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ایک درندہ صفت باپ کو اپنی ہی دس سالہ بیٹی کی عصمت ریزی کرنے پر دہلی کی ایک عدالت نے سزائے عمرقید سنائی ہے ۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ واقعہ اس قدر غیرمتوقع اور غیرانسانی ہے کہ اس میں ملزم کے ساتھ رعایت کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ جج نے کہا کہ باپ کی اس غیرانسانی حرکت سے آج اُس کے دیگر بیٹے بیٹیاں یتیم خانے میں بے یار و مددگار ہوکر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

5 لاکھ کروڑ کے پراجکٹس منظور
نئی دہلی ۔ 5 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم کے پراجکٹ مانیٹرنگ گروپ (PMG) نے اب شاید عزم کرلیا ہے کہ ملک میں تعطل کا شکار پراجکٹس کیلئے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جائے جن میں تقریباً 5 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔