نئی دہلی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مفتیان کرام کے ایک گروپ نے قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اسکیم سوکنیا سمردھی یوجنا شریعت کے تحت غیرواجبی ہوسکتی ہے کیونکہ اس میں سود کا حصہ شامل کیا گیا ہے ۔ جمعیۃ العلماء ہند کے زیراہتمام اس ہفتے تین روزہ کانفرنس میں کمسن لڑکیوں کیلئے بچت اسکیم کے ضمن میں قرارداد منظور کی گئی ۔ میڈیا انچارج عظیم اللہ صدیقی نے کہا کہ ایس ایس وائی اسکیم سود پر مبنی ہے ۔ چنانچہ یہ غیرشرعی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت 10 سال سے کم عمر لڑکی کے نام پر اس کے والدین کی طرف سے بینک کھاتہ کھولا جاتا ہے جس میں رقم جمع کرتے ہیں ۔ قرارداد میں بتایا گیا کہ بینک اس کھاتہ میں 9% سود کے ساتھ رقم کا اضافہ کرتے ہیں ۔ اس اسکیم میں سود شامل ہونے کے باعث یہ واضح طور پر غیر اسلامی ہے۔