ممبئی ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : بالی ووڈ کے ’ ہی مین ‘ کہے جانے والے اداکار دھرمیندر نے حالیہ دنوں میں میڈیا سے دوری اختیار کر رکھی ہے ۔ ایک تو یہ کہ ان کا مزاج کچھ درست نہیں رہتا اور دوسرے یہ کہ ان کی اہلیہ اداکارہ و بی جے پی ایم پی ہیمامالنی کے متھرا سے منتخب ہونے کے بعد ہیمامالنی کی مصروفیت اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنے ارکان خاندان کے لیے بھی مشکل سے وقت نکال پاتی ہیں ۔ آخری بار پورا خاندان اگر یکجا ہوا تھا ( یاد رہے کہ یہاں دھرمیندر کی پہلی بیوی پرکاش اور ان کے دونوں بیٹے سنی اور بابی دیول شامل نہیں ) تو وہ ایشا دیول کی چھوٹی بہن یعنی دھرمیندر اور ہیمامالنی کی چھوٹی بیٹی آہانہ دیول کی شادی کا موقع تھا ۔ اس کے بعد دھرمیندر اپنی کچھ فلموں میں مصروف ہوگئے اور ہیمامالنی کی سیاسی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ۔ دھرمیندر نے حالیہ ملاقات کے دوران ہنس کر کہا کہ انہیں تو آج کل اپنی بیوی ( ہیما ) سے ملاقات کے لیے بھی پہلے سے وقت طے کرنا پڑتا ہے ۔ ان سے جب ان کی آنے والی فلموں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دینا مناسب نہیں سمجھا یا پھر ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ان کے پاس کوئی قابل ذکر فلم نہ ہو ۔ ویسے بھی ایک عرصہ ہوا کہ میڈیا میں ایسی کوئی خبر نہیں آئی کہ فلاں فلاں پروڈیوسر یا بیانر نے اپنی نئی فلم کے لئے دھرمیندر کو سائن کیا ہو۔۔