دو ماہ کی حاملہ خاتون فوت اور شوہر کی حالت تشویشناک
پونے ۔7مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے ضلع احمدنگر میں بین مذہبی شادی پر ایک انتہائی المناک واقعہ میں باپ نے اپنی بیٹی اور اس کے شوہر کو زندہ جلا دیا ۔ 19سالہ رکمنی رام سنگھ فوری طور پر فوت ہوگئیں ،اُس کا شوہر 23سالہ منگیش رام سنگھ تشویشناک حالت میں موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔ رکمنی دو ماہ کی حاملہ تھیں ۔ پولیس نے رکمنی کے ایک چچا اور ماموں کو سازش اور جرم کے ارتکاب میں مدد کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا جب کہ اُس کا باپ راما مفرور بتایا گیا ہے ۔ اس جوڑے نے چھ ماہ قبل لڑکی کے والدین کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی اور احمد نگر تعلقہ پارنیر کے نگہوج گاؤں میں سکونت پذیر تھے ۔ رکمنی کے ماں باپ بھی اسی گاؤں میں رہتے تھے ۔ منگیش لوہار طبقہ سے تعلق رکھتا ہے جس کو اس ریاست میں قبائیلی سمجھا جاتا ہے ۔ رکمنی کا تعلق اترپردیش کے درج فہرست طبقہ پاشی سے تھا ۔