۔12 افراد بشمول اصل سرغنہ گرفتار ، سٹی پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /22 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے بین ریاستی کرکٹ بٹنگ ریاکٹ بے نقاب کرتے ہوئے 12 افراد بشمول ریاکٹ کے سرغنہ ستیہ پرکاش جندال عرف نکو کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 26 لاکھ نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ساؤتھ آفریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جارہے ٹسٹ میچ پر جندال تلنگانہ ، آندھراپردیش ، ہریانہ اور راجستھان میں بین ریاستی کرکٹ پر مبینہ سٹہ کا کاروبار چلاتا ہے اور اس نے کئی ریاستوں میں اپنے سب ایجنٹس تقرر کیا تھا ۔ کمشنر نے مزید بتایا کہ جندال راجستھان میں اشونامی شخص کے ذریعہ موبائیل فون پر سٹہ کی بولی وصول کیا کرتا تھا اور اس نے اس شخص کو 35 موبائیل فونس ، لیاپ ٹاپس اور دیگر اشیاء فراہم کیا تھا تاکہ آن لائین کرکٹ پر سٹہ کی بولی وصول کی جاسکے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ اس ریاکٹ کے سرغنہ نے ہریانہ ، راجستھان اور پنجاب میں 7 افراد کا تقرر کرتے ہوئے ان کے ذریعہ سٹہ کھیلنے والے افراد کی تفصیلات بشمول ان کی جیتی ہوئی رقم کی تفصیلات محفوظ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کاروبار چلارہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ پرشانت ، گوئیند راٹھی اور دلیپ کمار سب ایجنٹس حیدرآباد میں اپنے گاہکوں سے سٹہ کی بولی وصول کیا کرتے تھے ۔ جندال کئی ایجنٹس کو بھاری کمیشن اور تنخواہیں فراہم کرتے ہوئے ان کے ذریعہ کرکٹ بٹنگ ریاکٹ چلارہا تھا ۔ ٹاسک فورس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر اس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ستیہ پرکاش جندال گوئیند راٹھی ، جی پرشانت کمار ، ایم دلیپ کمار ، وجئے کمار گوئل ، رمیش کمار گوئل ، لونیش بنسل ، گوویل مکار ، ساحل منجل ، پرنس ، سنیل کمار ، راہول کندوئی ، یشونت سنگھ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے 26 لاکھ روپئے نقد رقم 36 موبائیل فون ، 3 سیٹ اپ باکس اور دیگر اشیاء کو برآمد کرلیا ۔