جینوا، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام کے جنگ زدہ علاقوں میں 50 ہزار بے گھر افراد کو انسانی امداد پہنچانے ایک امدادی قافلہ عفرین کیلئے روانہ ہوگیا ہے ۔ یہ اطلاع بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ترجمان لولانڈا جیکمیٹ نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ نئے سال میں اپنے پہلے امدادی مشن کے تحت ریڈ کراس کمیٹی اور سیرین عرب ریڈ کریسنٹ نے امدادی قافلہ بھیجنے کے لئے تمام برسرپیکار فریقوں کی رضامندی حاصل کرلی ہے ۔ خیال رہے کہ ترک فوج کی طرف سے شام کے عفرین علاقے میں کرد جنگجو گروپ وائی پی جی کے خلاف جنوری میں فوجی مہم شروع کئے جانے کے بعد علاقے میں ہزاروں کی تعداد میں عام شہری بے گھر ہوگئے اور سینکڑوں ہلاکتیں ہوئي ہیں، جن میں بیشتر بچے او ر خواتین ہیں۔