بیف کے نام پر تشدد کیخلاف قانون تشکیل دیاجائے :حسین دلوائی

ممبئی 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی نے آج مطالبہ کیاہے کہ حال میں بیف کے نام پرلوگوں کونشانہ بنانے والوں اور ’’موب لنچنگ‘‘ کے واقعات میں ملوث افرادکے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ ہریانہ میں فریدآبادضلع کے بلبھ گڑھ میں دہلی سے متھرا سفر کے دوران چند شرپسندوں نے جنید جلال الدین خان نامی نوجوان کو اتنا زدوکوب کیا اور اس کے ساتھیوں کومارا پیٹا گیاکہ جس کی وجہ سے اس کی سفر کے دوران ہی اس کی موت ہوگئی، لیکن اصل ملزمین کوابھی تک گرفتارنہیں کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں گائے کے نام پربڑھتا تشدد اورکھلے عام غنڈہ گردی ملک کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے کیونکہ ملک میں خوشحالی اورترقی کیلئے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت ضروری ہے ورنہ صورتحال بدسے بدترہوجائے گی۔ اسلئے مرکزی حکومت سے درخواست ہیکہ وہ ’’موب لنچنگ‘‘ و گائے کے نام پر ہونے والے تشددکی روک تھام کیلئے یوپی اے ، ٹاڈا، پوٹا جیسا قانون بنائے ، تاکہ ان سنگین واقعات پر روک لگائی جاسکے ۔ حسین دلوائی نے کہاکہ اترپردیش میں دادری میں اخلاق کے بہیمانہ قتل سے لیکرہریانہ میں جنید تک ان گنت ’’ہجومی تشدد‘‘ بھیڑکے ذریعہ کے واقعات ہوئے ہیں، ان میں سے چند ایک میڈیا کے توسط سے عوام کے سامنے آئے ۔ باقی کئی واقعات کی میڈیا کو بھی بھنک نہیں لگی ہے۔