بیف پر اکثریتی فرقہ کے جذبات کا احترام کیا جائے : نجمہ

نئی دہلی ۔ یکم جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں بڑے گوشت پر امتناع کی مدافعت کرتے ہوئے وزیراقلیتی اُمور نجمہ ہبت اﷲ نے آج کہا کہ اکثریتی فرقہ کے احساسات کا احترام کیاجانا چاہئے جو گائے کے ساتھ خصوصی تعلق رکھتی ہیں ۔ انھوں نے کانگریس پر اقتدار میں رہتے ہوئے صرف اقلیتوں کی خوشامد کاالزام عائد کیا ۔ انھوں نے پیشرو کانگریس زیرقیادت حکومت پر صرف اقلیتوں کے احساسات کے بارے میں زبانی جمع خرچ کا الزام عائد کیا ۔ سابق کانگریس لیڈر نجمہ ہبت اﷲ نے کہاکہ اُن کی زندگی کا ایک اصول ہے ، وہ کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہونچائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ جب آپ اقلیتی فرقہ کے جذبات کی بات کرتے ہیں تو پھر آپ کو اکثریتی فرقہ کے جذبات کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے ۔ آج یہاں سنٹرل وقف بھون کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی ۔ نجمہ ہبت اﷲ نے بتایا کہ عوام میں بعض ایسے بھی ہیں جو گائے کے ساتھ خصوصی تعلق رکھتے ہیں ۔ چناچہ اکثریتی فرقہ کے احساسات کا پاس و لحاظ رکھا جانا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ غذا میں آخر کیا رکھا ہے ؟ آپ ہر چیز کھاسکتے ہیں لیکن جب کوئی ایک چیز کھانے سے روک دیا جائے تو تکلیف کیوں محسوس کی جاتی ہے ؟ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ پیشرو حکومت نے ہمیشہ اقلیتوں کے جذبات کی بات کی ہے لیکن ہمیں اپنے پڑوس کے جذبات بھی ملحوظ رکھنا چاہئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ تقریباً 40 فیصد وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضے ہیں۔