بیرون ممالک مقیم افراد کے لیے آن لائن حق رائے دہی کی سہولت

حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): بیرونی ممالک افراد کو آن لائن حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے گا جس کے لیے آپ کو آن لائن حق رائے دہی حاصل کرنا ہوگا ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بیرون ممالک مقیم ( این آر آئیز ) کو بھی حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع فراہم کیا ہے تاہم صرف 4 افراد نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے ۔ اپنے آبائی مقام پر ووٹ کا حق رکھنے کے باوجود بیرون ممالک میں رہنے والوں نے اپنے ووٹ کے مقام کو تبدیل نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے بیرون ممالک میں رہنے والے لاکھوں بھارتی اپنے ووٹوں کے استفادے سے محروم ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ کے لاکھوں افراد بیرون ممالک مقیم ہیں اور اگر ان افراد میں ووٹ کے استعمال سے متعلق شعور آگہی پیدا کی گئی تو لاکھوں ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ بیرون ممالک میں رہنے والے این آر آئیز اپنا پاسپورٹ اور ویز آن لائن اپ لوڈ کر کے اپنے آبائی مقام پر حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں اور آن لائن میں فارم 6A کی خانہ پری کرنے پر عہدیداران درخواست کا جائزہ لے کر ووٹ کا حق فراہم کریں گے ۔ اگر این آر آئیز آن لائن ووٹنگ سے استفادہ کرتے ہیں تو کئی اسمبلی حلقوں میں ووٹ کی اہمیت بڑھے گی ۔ کیوں کہ ریاست کے ہزاروں افراد بیرون ملک روزگار سے جڑے ہوئے ہیں اور اگر فی الحال ووٹرس کے اندراج سے متعلق چلائی جارہی خصوصی مہم کے ایام میں اگر ریاست کے این آر آئیز اپنے ناموں کا اندراج کراتے ہیں تو یہ تعداد لاکھوں تک پہونچ سکتی ہے اور اس بات کی بھی اطلاع ہے کہ بعض لیڈرس آن لائن این آر آئیز کے ووٹ حاصل کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔۔