3 نومبر ہاٹ کاپیز داخل کرنے کا آخری موقع، اندرون دس یوم فہرست کو قطعیت ، سید عمر جلیل
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے اقلیتی طلبہ کی اسکیم اوورسیز اسکالرشپ سے استفادہ کیلئے 534 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ 31 اکتوبر اسکیم سے استفادہ کیلئے آن لائین درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی اور 534 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ سب سے زیادہ 389 درخواستیں حیدرآباد سے داخل کی گئیں جبکہ رنگا ریڈی 33 ، میڑچل 23 اور نلگنڈہ سے 14 درخواستیں داخل کی گئیں۔ دیگر اضلاع میں نظام آباد 11 ، کریم نگر 9 ، کھمم 6 ، محبوب نگر 9 ، سنگا ریڈی 4 ، ورنگل رورل 7 ، ورنگل اربن 6 ، عادل آباد 5 ، پدا پلی ، سدی پیٹ ، سوریا پیٹ ، وقار آباد ، بھونگیر ، اضلاع سے دو دو درخواستیں داخل کی گئیں۔ محبوب آباد ، آصف آباد ، کاما ریڈی ، بھوپال پلی ، جنگاؤں ، جگتیال، نرمل اور ناگر کرنول سے صرف ایک ایک درخواست داخل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام درخواست گزار اپنے ہاٹ کاپیز 3 نومبر تک داخل کردیں۔ اپنے اسنادات اور دیگر ڈاکیومنٹس پر مشتمل ہاٹ کاپی جانچ کیلئے فوری داخل کی جانی چاہئے ۔ ایسے طلبہ جنہوں نے ابھی تک ہاٹ کاپی داخل نہیں کی، 3 نومبر کے بعد ان کی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا ۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے پاس ہاٹ کاپی داخل کرنی چاہئے ۔ عمر جلیل نے بتایا کہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کی درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے اندرون 10 دن مستحق امیدواروں کی فہرست تیار کرلی جائے گی۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ 5 نومبر تک درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیں ۔ درخواستوں کی جانچ میں کسی بھی خامی یا کوتاہی پر تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 10 لاکھ روپئے اسکالرشپ کے تحت 226 طلبہ کو منتخب کیا گیا تھا ۔ دوسرے مرحلہ میں بھی 226 طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا اور 22 کروڑ 68 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ۔ 32 لاکھ روپئے کی اجرائی باقی ہے کیونکہ بعض طلبہ نے تفصیلات داخل نہیں کی ہے۔ تیسرے مرحلہ میں 140 طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا اور حکومت نے اسکالرشپ کی رقم 20 لاکھ روپئے کردی ہے۔ تیسرے مرحلہ کے منتخب طلبہ میں ابھی تک 7 کروڑ 44 لاکھ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ مزید 21 کروڑ 40 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال بجٹ میں اسکیم کیلئے 40 کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور ابھی تک 12 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی پر طلبہ کو اسکالرشپ کی اجرائی کا انحصار رہے گا۔ وہ اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو اسکالرشپ منظور کی جائے۔