بیرون ملک میں ہندوستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عہد

آسٹریلیامیں حملہ افسوسناک، متاثرین سے سشما سوراج کا ربط : اننت کمار
نئی دہلی۔27 مارچ  ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے بھروسہ دلایا ہے کہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے آج لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے کے سی وینو گوپال کی طرف سے بیرون ملک میں آباد ہندوستانیوں پر نسلی حملوں کا معاملہ اٹھائے جانے پر کہا کہ حکومت ان واقعات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے ۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے ۔ حکومت ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ جن ممالک میں ہندوستانیوں پر ایسے حملے ہوئے ہیں وہاں کی حکومتوں کے ساتھ وزیر خارجہ سشما سوراج اعلی سطح پر سفارتی رابطہ بنائی ہوئی ہیں۔ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ بھی محترمہ سوراج مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرائی جا رہی ہے ۔اس سے پہلے وینو گوپال نے آسٹریلیا کے ہوبارٹ میں کیرالہ کے ایک ہندوستانی شہری پر کل ہونے والے حملے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ پیشے سے ٹیکسی ڈرائیور لی میکس پر کچھ نوجوانوں نے بلا وجہ حملہ کیا۔ اس کے سینے اور چہرے پر شدید چوٹیں آئی ہیں، اس کو زخمی حالت میں رائل ہوبارٹ اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے ۔ وینو گوپال نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو ملبورن کے ایک کلیساء کے اندر بھی کیرالہ کے ایک پادری پر حملہ کیا گیا تھا۔ ہندوستانیوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ان معاملوں میں پولس میں کیس درج ہوتے بھی ہیں تو ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی ہے ۔ حکومت کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہئے ۔